واٹس ایپ میں پرانے پیغامات کی تلاش آسان بنانے کیلئے نیا فیچر تیار


واٹس ایپ نے پرانی چیٹس میں مطلوبہ پیغامات تلاش کرنے کیلئے نیا سرچ شارٹ کٹ تیار کرلیا۔ iOS بیٹا ورژن میں زیرِ آزمائش فیچر چیٹ اسکرین سے براہِ راست سرچ کی سہولت دے گا، جبکہ واٹس ایپ چینلز میں پرانی پوسٹس تلاش کرنے کا آپشن بھی متعارف کرایا جائے گا
واٹس ایپ نے طویل عرصے پرانی چیٹس میں مطلوبہ پیغام تلاش کرنے کے عمل کو آسان بنانے کیلئے نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے آئی او ایس بیٹا ورژن میں چیٹ کے اندر ہی سرچ شارٹ کٹ متعارف کرانے پر کام جاری ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی پرانے پیغام کو براہِ راست چیٹ اسکرین سے تلاش کر سکیں گے۔
فی الحال پرانے پیغام کی تلاش کیلئے صارف کو چیٹ انفو اسکرین میں جاکر سرچ کا آپشن منتخب کرنا پڑتا ہے، تاہم نئے فیچر کے بعد یہ عمل مزید آسان ہوجائے گا۔
نئے فیچر میں سرچ کا بٹن اس وقت ظاہر ہوگا جب صارف چیٹ میں اوپر کی جانب اسکرول کرتے ہوئے پرانے پیغامات تک پہنچے گا۔ اس کے علاوہ یہ سہولت واٹس ایپ چینلز کیلئے بھی متعارف کرانے پر کام جاری ہے، جہاں صارفین پرانی پوسٹس اور اپ ڈیٹس تلاش کرسکیں گے۔
یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں زیرِ آزمائش ہے، اس لیے عام صارفین کیلئے اس کی باضابطہ دستیابی کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔

شائع ہوا: 18 ستمبر، 2026 کو 09:20 AM
آخری تدوین: 18 ستمبر، 2026



