بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں، کمانڈر نقیب سمیت 9 دہشت گرد ہلاک


بلوچستان کے مستونگ اور پشین میں سکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کی کارروائیوں میں کمانڈر نقیب سمیت 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک، 4 اہلکار زخمی ہوگئے
کوئٹہ: بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ اور پشین میں دو مختلف آپریشنز کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کی ایک گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار تینوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے اور وہ سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جاری رہیں گی۔

شائع ہوا: 14 ستمبر، 2026 کو 06:24 AM
آخری تدوین: 14 ستمبر، 2026



