پاک فوج کے دستے دفاعی تعاون کے لیے سعودی عرب روانہ، وزیر دفاع خواجہ آصف نے الوداعی تقریب میں شرکت کی

پاک فوج کے دستے دفاعی تعاون کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے الوداعی تقریب میں شرکت کی، فوجی دستے طے شدہ دفاعی فریم ورک کے تحت فرائض انجام دیں گے
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاک فوج کے دستے سعودی عرب روانہ ہوگئے، اس موقع پر فوجی دستوں کی روانگی کے حوالے سے پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی، پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے دستوں کی سعودی عرب میں تعیناتی مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔ یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ پاک فوج کے دستے طے شدہ ذمہ داریوں اور دفاعی تعاون کے پہلے سے طے شدہ فریم ورک کے تحت سعودی سرزمین پر فرائض انجام دیں گے۔ اس تعیناتی سے خطے میں ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق الوداعی تقریب نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کے دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
شائع ہوا: 29 نومبر، 2026 کو 06:37 AM
آخری تدوین: 29 نومبر، 2026



