خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل

پاکستان کی خطے میں امن و سلامتی کے لیے سفارتی کوششیں جاری، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل، ایرانی قیادت سے کشیدگی میں کمی، آبنائے ہرمز کی بحالی اور تنازع کے پرامن حل پر اہم بات چیت
اسلام آباد: خطے میں امن و سلامتی کے فروغ اور جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ ایران کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت اہم سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں خطے کی موجودہ صورتحال، کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام اور تنازع کے جلد اور پرامن خاتمے کے لیے مختلف اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، ایرانی وزیر خارجہ اور ایرانی وزیر داخلہ سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں بالخصوص کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور موجودہ تنازع کے جلد خاتمے کے لیے اقدامات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ دونوں جانب سے علاقائی امن کے فروغ اور تنازعات کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع کے ذریعے حل کرنے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے فروغ اور تنازع کے پرامن حل میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
پاکستان کی جانب سے یہ دورہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے، مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی رابطوں کو مؤثر بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
شائع ہوا: 25 اگست، 2026 کو 02:37 AM
آخری تدوین: 25 اگست، 2026



