مبینہ پاکستانی شہری پر امریکی پوسٹل سروس کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر نقصان پہنچانے کا الزام
محمد نعیم اختر6 اکتوبر، 2026
امریکی ریاست فلوریڈا میں مبینہ پاکستانی شہری فہیم اکرم کے خلاف جعلی ڈاک لیبل فروخت کرکے امریکی پوسٹل سروس کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر نقصان پہنچانے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی گئی
امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک مبینہ پاکستانی شہری کے خلاف امریکی پوسٹل سروس کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی گئی۔
امریکی حکام کے مطابق خانیوال سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ فہیم اکرم پر الزام ہے کہ وہ ایک ایسی ویب سائٹ چلا رہا تھا جس کے ذریعے امریکی پوسٹل سروس کے جعلی ڈاک لیبل یا ٹکٹ فروخت کیے جاتے تھے۔
51 لاکھ جعلی ڈاک لیبل فروخت کرنے کا الزامامریکی اٹارنی کے دفتر کے مطابق ملزم مبینہ طور پر ڈاک کے وزن یا منزل کو مدنظر رکھے بغیر ہر جعلی ٹکٹ صرف 2 ڈالر میں فروخت کرتا تھا، جو امریکی پوسٹل سروس کے اصل ڈاک ٹکٹ کی قیمت سے نمایاں طور پر کم تھی۔

حکام کے مطابق مبینہ طور پر اس ویب سائٹ کے ذریعے تقریباً 51 لاکھ جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔
تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ تقریباً 5 ہزار 200 افراد نے اپنے سامان کی ترسیل کے لیے مبینہ جعلی ویب سائٹ سے ڈاک ٹکٹ خریدے، جس کے نتیجے میں امریکی پوسٹل سروس کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچا۔
ویب سائٹ بند کردی گئیامریکی حکام کے مطابق مبینہ جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے والی ویب سائٹ کو اب بند کر دیا گیا ہے۔
امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس کے انسپکٹر انچارج نے کہا کہ امریکی حکام کی رسائی ملک کی سرحدوں سے باہر تک ہے اور امریکی پوسٹل سروس سے فراڈ کرنے والوں کو تلاش کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
گرفتاری کی اطلاع پر ایک لاکھ ڈالر انعامامریکی پوسٹل انسپیکشن سروس نے فہیم اکرم کی گرفتاری سے متعلق قابلِ عمل اطلاع فراہم کرنے والے شخص کے لیے ایک لاکھ امریکی ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔
جرم ثابت ہونے پر ممکنہ سزاامریکی حکام کے مطابق اگر فہیم اکرم پر عائد الزامات عدالت میں ثابت ہوجاتے ہیں تو اسے سازش اور جعلی ڈاک ٹکٹ بنانے کے الزام میں زیادہ سے زیادہ 5 سال جبکہ آن لائن فراڈ کے الزام میں 20 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ فرد جرم میں عائد الزامات عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں اور ملزم کو جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جاتا ہے۔

محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 6 اکتوبر، 2026 کو 06:31 AM
آخری تدوین: 6 اکتوبر، 2026



