پی سی بی کا ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، 8 کھلاڑی تین کیٹیگریز میں شامل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2026-27 سیزن کیلئے 8 ویمن کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹس دے دیے۔ فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کیٹیگری اے میں ترقی پاگئیں، نئے کنٹریکٹس 30 جون 2027 تک مؤثر ہوں گے
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 سیزن کے لیے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا، جس کے تحت 8 خواتین کرکٹرز کو تین مختلف کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق آل راؤنڈر فاطمہ ثنا اور اسپنر سعدیہ اقبال کو عمدہ اور مسلسل کارکردگی کے اعتراف میں کیٹیگری اے میں ترقی دے دی گئی ہے۔
نئے سینٹرل کنٹریکٹس کے تحت منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو اور سدرہ امین کیٹیگری بی میں برقرار ہیں، جبکہ عائشہ ظفر، گل فیروزہ اور صدف شمس کو کیٹیگری سی میں شامل کیا گیا ہے۔
ویمن کرکٹرز کی تین کیٹیگریز
کیٹیگری اے:فاطمہ ثنا,سعدیہ اقبال,کیٹیگری بی:منیبہ علی صدیقی,نشرہ سندھو,سدرہ امین,کیٹیگری سی:عائشہ ظفر,گل فیروزہ,صدف شمس
کارکردگی اور فٹنس کی بنیاد پر کنٹریکٹس کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی حالیہ فارم، فٹنس اور میدان میں کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے سینٹرل کنٹریکٹس کی کیٹیگریز کا تعین کیا گیا ہے۔
بورڈ نے فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کی مسلسل عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اعلیٰ ترین کیٹیگری میں ترقی دی ہے۔
نئے سینٹرل کنٹریکٹس یکم جولائی 2026 سے 30 جون 2027 تک مؤثر ہوں گے۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں کھلاڑیوں کی تعداد کم
واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن کرکٹرز کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرتے ہوئے مجموعی طور پر 20 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دیے تھے۔
تاہم 27-2026سیزن کے لیے کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے کم کرکے 8 کردی گئی ہے، جبکہ کیٹیگریز کی تعداد بھی پانچ سے گھٹا کر تین کردی گئی ہے۔
پی سی بی کے اس فیصلے کے تحت نئے سیزن میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی صرف آٹھ کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ ہوں گی۔
شائع ہوا: 27 نومبر، 2026 کو 09:27 AM
آخری تدوین: 27 نومبر، 2026



