غلط پاکستانی پرچم ڈسپلے کرنے پر ایف آئی ایچ کی معافی، قومی ہاکی ٹیم کا احتجاج کامیاب

ایف آئی ایچ پرو لیگ کے پاک بھارت میچ سے قبل پاکستانی پرچم غلط انداز میں پیش کیے جانے پر قومی ہاکی ٹیم نے احتجاج ریکارڈ کرایا، جس کے بعد ایف آئی ایچ نے باضابطہ معافی مانگ لی
ایف آئی ایچ (انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن) نے پاک بھارت ہاکی میچ سے قبل پاکستانی پرچم غلط انداز میں ڈسپلے کیے جانے کے معاملے پر قومی ہاکی ٹیم سے معافی مانگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے آغاز سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستانی پرچم کی غلط نمائش کی گئی، جس پر پاکستان ہاکی ٹیم کی جانب سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
قومی ہاکی ٹیم کے منیجر خواجہ جنید نے بتایا کہ پاکستانی پرچم میں سفید رنگ شامل نہیں تھا، جو قومی پرچم کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ایف آئی ایچ انتظامیہ سے فوری طور پر احتجاج کیا گیا، جس کے بعد عالمی ہاکی تنظیم نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے باضابطہ معافی مانگ لی۔
خواجہ جنید کے مطابق ایف آئی ایچ نے نہ صرف زبانی معذرت کی بلکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو خط کے ذریعے بھی معافی نامہ ارسال کرنے کا یقین دلایا ہے۔
واضح رہے کہ میچ کے باضابطہ آغاز کے موقع پر بچوں کے ہاتھوں میں موجود پاکستانی جھنڈوں سے سفید رنگ غائب تھا۔ واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شائقین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور ایف آئی ایچ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
پاکستان ہاکی ٹیم اور شائقین کی جانب سے اس معاملے کو قومی وقار سے جوڑا گیا، جس کے بعد ایف آئی ایچ کو وضاحت اور معذرت پیش کرنا پڑی۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 24 جون، 2026 کو 05:42 AM
آخری تدوین: 24 جون، 2026



