پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم: عالمی سرمایہ کاروں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں 50 سے زائد ممالک کے 5 ہزار مندوبین شریک، مریم نواز، مراد علی شاہ اور سرفراز بگٹی سمیت صوبائی رہنماؤں نے معدنی ذخائر میں عالمی سرمایہ کاری کی دعوت دے دی
اسلام آباد: پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوران صوبائی حکومتوں نے عالمی سرمایہ کاروں کو ملک کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والے فورم میں 50 سے زائد ممالک کے 5 ہزار سے زائد مندوبین نے شرکت کی، جن میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار، معدنیات کے ماہرین اور مختلف شعبوں کے نمائندے شامل تھے۔
فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے بھی شرکت کی۔
خیبر پختونخوا میں معدنیات کی تلاش کے لیے سرمایہ کاری کی دعوت
فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عالمی سرمایہ کاروں کو صوبے میں معدنیات کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن بھی فراہم کیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کان کنی کے شعبے کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور سرمایہ کاروں کو یہاں موجود معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا گیس کی پیداوار کے حوالے سے ملک کا دوسرا بڑا صوبہ ہے۔
پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے ذخائر کے شواہد ملے ہیں: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور پنجاب پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور غیر معمولی صلاحیت موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والے پانی اور ریت میں خالص سونا موجود ہے، جبکہ صوبے میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے بھی وسیع ذخائر پائے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونے کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں اور ابتدائی شواہد سے سونے کے وافر ذخائر کی موجودگی کا پتا چلا ہے۔ دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ دیگر قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت صوبے کے قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت اور خوشحالی میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے تجارتی شراکت داریوں کی تلاش جاری ہے جبکہ پنجاب میں کاروبار کے فروغ کے لیے سستے نرخوں پر زمین بھی فراہم کی جارہی ہے۔
تھر کے کوئلے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات ہیں: مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبوں کے فروغ کے ذریعے معاشی ترقی کی کوششیں جاری ہیں اور کان کنی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر میں شامل ہیں، جن میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں متعدد اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں اور کان کنی کے لیے مؤثر فریم ورک تیار کیا جارہا ہے۔ عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ممکن بنائی جائے گی۔
انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
بلوچستان میں منرل کوریڈور کے لیے الگ سکیورٹی ڈویژن قائم
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں معدنیات کے علاوہ تیل اور گیس کی تلاش کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ منرل کوریڈور کے لیے الگ سکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا بلوچستان پہلے سے مختلف ہے اور حکومت سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
گلگت بلتستان میں قیمتی معدنیات کی تلاش کے مواقع موجود ہیں
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ علاقے میں مختلف قیمتی دھاتوں اور پتھروں کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
تاہم انہوں نے نشاندہی کی کہ گلگت بلتستان کو درپیش اہم مسائل میں رابطہ کاری اور کنکٹیویٹی کی کمی شامل ہے، جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
آزاد کشمیر میں یاقوت، گرینائٹ اور پکھراج کے ذخائر
وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالا مال ہے، جہاں یاقوت کے بڑے ذخائر موجود ہیں جبکہ گرینائٹ، ٹورملین اور پکھراج جیسے قیمتی پتھر بھی پائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیمنٹ، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
سید افتخار گیلانی کے مطابق معدنیات سے متعلق قوانین کو ملک کے دیگر حصوں میں رائج قوانین سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے تاکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں میں سرمایہ کاروں کو یکساں قوانین اور مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوران صوبائی حکومتوں کی جانب سے سرمایہ کاری کی دعوت اور سہولیات کی یقین دہانی کو ملک کے معدنی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری بڑھانے کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جارہا ہے۔ اس فورم کے ذریعے پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی منڈیوں تک متعارف کرانے اور انہیں معاشی ترقی کا ذریعہ بنانے کے امکانات اجاگر کیے گئے ہیں۔
شائع ہوا: 12 نومبر، 2026 کو 08:24 AM
آخری تدوین: 12 نومبر، 2026



