پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا، اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا: مریم نواز


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا ہے
ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی پر تنقید کی جا رہی ہے اور بعض لوگوں کو ان کے سرکاری طیارے کے استعمال پر اعتراض ہے، حالانکہ یہ طیارہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سرکاری طیارہ ہے۔
ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہر کوئی اٹھ کر کہتا ہے کہ پنجاب نے ہمارا حق کھا لیا، حالانکہ پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید مجھ پر نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی پر ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری طیارے کے استعمال کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہر وزیراعلیٰ کے پاس سرکاری طیارہ ہوتا ہے، تاہم تنقید صرف ان پر کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں طیارے سے نہیں بلکہ مریم نواز کے کاموں سے تکلیف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے طیارے کے استعمال کے اخراجات کی مد میں پونے 3 کروڑ روپے اپنی جیب سے ادا کیے۔
مریم نواز نے کہا کہ سیلاب کے دوران وہ متاثرین کے پاس کشتیوں پر بھی گئی تھیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا سے آنے والے افراد کے حوالے سے کہا کہ چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے آئے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تماشا لگانے کے لیے زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھ گئے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا سے آنے والوں کا لاہور کا دورہ ناکام رہا۔
الیکٹرک بس سروس کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ عام مسافروں کے لیے کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خواتین، طلبا و طالبات، معذور افراد اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے سفر مکمل طور پر مفت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گرین بس سروس کو پنجاب کی آخری حد تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ صوبے بھر کے عوام کو جدید، محفوظ اور سستے سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ملتان کے تمام روٹس پر گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ خصوصی افراد کے لیے وہیل چیئر اور ریمپ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ گرین بسوں میں خواتین کے تحفظ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں رہنے والا ہر شخص ان کی ذمہ داری ہے اور ان کی حکومت میں کوئی شخص بس کی چھت پر سفر نہیں کرے گا۔
کینسر کے علاج کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ لاہور کے میو اسپتال کے لیے جدید کینسر مشین چین سے لائی گئی تھی، جبکہ دوسری مشین کا ملتان میں افتتاح کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس مشین سے دو خواتین کا علاج کیا جا چکا ہے اور 45 منٹ میں ان کا علاج مکمل ہوا۔

شائع ہوا: 17 ستمبر، 2026 کو 12:57 PM
آخری تدوین: 17 ستمبر، 2026



