وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
پاکستان

’کیا وہ قائدِ اعظم ہیں؟‘ رانا ثنا اللہ کا محسن نقوی کے بیان پر سخت ردِعمل

W
Web Desk
24 نومبر، 2026
  ’کیا وہ قائدِ اعظم ہیں؟‘ رانا ثنا اللہ کا محسن نقوی کے بیان پر سخت ردِعمل

رانا ثنا اللہ نے محسن نقوی کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں محسن نقوی کی ذات پر نہیں بلکہ ان کی حکومتی کارکردگی اور بیانات پر تنقید کا حق حاصل ہے

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ’’کیا وہ قائدِ اعظم ہیں؟‘‘

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی بڑے شوق سے ان کے بارے میں تبصرے کریں، تاہم انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ تنقید ان کی ذات پر نہیں بلکہ ان کی کارکردگی اور حکومتی معاملات پر کی جاتی ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات کے حوالے سے بات نہیں کی اور نہ ہی آئندہ ایسا کریں گے۔ ان کے بقول محسن نقوی کی شخصیت کے بارے میں تبصرے کی کوئی ضرورت نہیں، تاہم بطور سیاسی کارکن ان کی کارکردگی پر اپنی رائے کا اظہار کرنا ان کا حق ہے۔

محسن نقوی نے کیا کہا تھا؟

واضح رہے کہ اتوار کو لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ آج کل ایک وزیر ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں، تاہم جس دن انہوں نے جواب دے دیا تو وہ وزیر منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

محسن نقوی نے مزید کہا تھا کہ وہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں، تاہم انہوں نے اس موقع پر متعلقہ وزیر کا نام نہیں لیا تھا۔

نئے صوبوں کے معاملے پر اختلافات

رانا ثنا اللہ نے گفتگو کے دوران کہا کہ انہوں نے محسن نقوی کے بعض حکومتی اقدامات اور بیانات پر اختلاف کیا تھا، کیونکہ ان کے خیال میں صوبوں سے متعلق معاملے کے لیے درست فورم کا انتخاب نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی تقریر میں وزیراعظم کے بارے میں بھی غیر ضروری بات کی گئی، جبکہ فیلڈ مارشل سے متعلق انہیں ریڈ لائن قرار دینے کے اشاروں پر بھی انہوں نے اعتراض کیا تھا۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا معاملہ بالآخر پارلیمنٹ میں ہی آنا ہے اور اس پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے، کیونکہ اتفاق رائے کے بغیر اس معاملے کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔

رانا ثنا اللہ کے مطابق یہ معاملہ اب انتہائی متنازع شکل اختیار کرچکا ہے، تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ اس پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔

نئے صوبوں کی بحث کیسے شروع ہوئی؟

یاد رہے کہ 30 جولائی کو اسلام آباد میں منعقدہ اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا تھا کہ ملکی نظام ڈھ گیا ہے اور اسے بچانے کے لیے نئے انتظامی یونٹس یا صوبے بنانے کی ضرورت ہے۔

ان کے اس بیان کے بعد ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث نے زور پکڑ لیا تھا، جبکہ اس معاملے پر سیاسی حلقوں میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

رانا ثنا اللہ اور محسن نقوی کے حالیہ بیانات نے اس بحث کو مزید سیاسی اہمیت دے دی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب نئے صوبوں کے قیام کے لیے اتفاق رائے کو ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 24 نومبر، 2026 کو 05:31 AM

آخری تدوین: 24 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین