ترکیہ نے نئے معاشی منصوبے کے تحت دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافہ کردیا


ترکیہ نے 2027ء سے 2029ء تک کے تین سالہ معاشی منصوبے کا اعلان کردیا، جس کے تحت دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ حکومت کے مطابق دفاعی صنعت میں جدید ٹیکنالوجی کی تیاری اور ملکی پیداوار میں اضافہ منصوبے کے اہم اہداف میں شامل ہیں
انقرہ: برادر اسلامی ملک ترکیہ نے 2027ء سے 2029ء تک کے لیے تین سالہ معاشی منصوبہ پیش کردیا ہے، جس کے تحت ملک کے دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
ترک نائب صدر کے بیان کے مطابق دفاعی اخراجات میں اضافے کا مقصد دفاعی صنعت میں جدید ٹیکنالوجی کی تیاری، مقامی پیداوار کو فروغ دینا اور دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنا ہے۔
ترک نائب صدر نے کہا کہ ملک میں مہنگائی میں کمی کا رجحان شروع ہوچکا ہے اور حکومت نے اس حوالے سے نمایاں پیشرفت کی ہے۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر پیدا ہونے والے خطرات اور غیر یقینی صورتحال ترک معیشت پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔
دوسری جانب ترکیہ نے اپنے پہلے طیارہ بردار بحری جہاز کو 27 ستمبر 2027ء کو سمندر میں اتارنے کا اعلان کیا ہے۔ ترک حکام کے مطابق یہ جدید بحری جہاز بیک وقت بغیر پائلٹ طیارے اڑانے کی صلاحیت رکھے گا۔
ترکیہ کے مطابق طیارہ بردار بحری جہاز سے بغیر پائلٹ بحری اور زیرِ آب گاڑیاں بھی تعینات کی جا سکیں گی، جس سے اس کی دفاعی اور آپریشنل صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
ترک حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نوعیت کا طیارہ بردار بحری جہاز چلانے والا ترکیہ دنیا کا پہلا ملک ہوگا۔
نئے معاشی منصوبے اور دفاعی اخراجات میں بڑے اضافے کو ترکیہ کی جانب سے دفاعی صنعت میں خود انحصاری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور بدلتے ہوئے عالمی سکیورٹی ماحول سے نمٹنے کی کوششوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

شائع ہوا: 7 ستمبر، 2026 کو 06:09 AM
آخری تدوین: 7 ستمبر، 2026



