مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران سے جنگ ختم ہوجائے گی: صدر ٹرمپ


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران کے ساتھ جنگ ختم ہوجائے گی اور اس کے نتیجے میں تیل کی قیمتیں تیزی سے کم ہوں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا، جبکہ مذاکرات کا امکان بھی موجود ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیلاس روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ امریکا کسی معاہدے کا خواہاں نہیں، تاہم مذاکرات کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر امریکا کا مکمل کنٹرول ہے، جبکہ ایرانی بحریہ کے 9 جہاز تباہ کیے جاچکے ہیں۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف جاری محاصرے کے نتائج اچھے سامنے آرہے ہیں۔
ٹرمپ نے تیل کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران کے ساتھ جنگ ختم ہوجائے گی، جس کے بعد تیل کی قیمتیں تیزی سے گر سکتی ہیں۔
یوکرین جنگ پر پیوٹن سے ملاقات کا امکان
امریکی صدر نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے بتایا کہ پیوٹن کے ساتھ ان کی اچھی گفتگو ہوئی ہے اور انہوں نے روسی صدر کے ساتھ آئندہ ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا۔
مغربی کنارے کی پابندیوں پر اسرائیل سے بات ہوگی
صدر ٹرمپ نے مغربی کنارے پر عائد پابندیوں کے معاملے پر بھی اسرائیل سے بات کرنے کا عندیہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر اسرائیلی حکام سے گفتگو کریں گے۔

شائع ہوا: 10 ستمبر، 2026 کو 03:00 AM
آخری تدوین: 10 ستمبر، 2026



