پی ٹی آئی کا 9 اپریل کو راولپنڈی میں جلسہ، سہیل آفریدی کا اعلان

سہیل آفریدی نے انتظامیہ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا، این او سی نہ ملا تو ہر جگہ احتجاج کریں گے
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی 9 اپریل کو لیاقت باغ، راولپنڈی میں جلسہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کے لیے کل این او سی جمع کروائی جائے گی، اور اگر انتظامیہ نے این او سی نہ دیا تو جہاں بھی روکا جائے گا وہاں احتجاج کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ ہم نے تمام قانونی اور سیاسی راستے اپنائے مگر کوئی راستہ کامیاب نہیں ہوا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ دوہرا رویہ ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ججز کو فیصلے سنانے کے لیے چٹھیاں آ رہی ہیں اور وہ کسی دباؤ یا بیرونی سازش سے نہیں ڈرتے۔ سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ انہیں کرسی کا لالچ نہیں، اس لیے کسی بھی دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 اپریل کو حکومت بیرونی سازش کے تحت گرائی گئی اور اب محب وطن شہریوں کو متحد ہو کر احتجاج کرنا ہوگا تاکہ جمہوری عمل مضبوط رہے۔
سہیل آفریدی کے مطابق جلسہ ایک پرامن اور قانونی احتجاج ہوگا، اور تمام شرکاء کو ذمہ داری کے ساتھ شریک ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
شائع ہوا: 2 اپریل، 2026 کو 04:12 PM
آخری تدوین: 2 اپریل، 2026



