بھارتی مسلمانوں کے لیے 2026 خونریز ترین سال قرار، امریکی انسانی حقوق تنظیم کی رپورٹ میں سنگین انکشافات

امریکی انسانی حقوق تنظیم ساوتھ ایشیا جسٹس کمپین کی رپورٹ میں بھارت میں مسلمانوں کے قتل، مبینہ جعلی پولیس مقابلوں، نفرت انگیز جرائم اور ووٹر لسٹوں سے ناموں کے اخراج کے سنگین انکشافات سامنے آگئے
نئی دہلی: بھارت میں مسلمانوں کے خلاف مذہبی بنیادوں پر تشدد، نفرت انگیز جرائم اور مبینہ ریاستی جبر میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکی انسانی حقوق کی تنظیم ’ساوتھ ایشیا جسٹس کمپین‘ کی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق 2026 بھارتی مسلمانوں کے لیے گزشتہ چار برسوں کا سب سے خونریز سال ثابت ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگست سے اکتوبر 2026 کے دوران مذہبی بنیادوں پر تشدد کے مختلف واقعات میں 16 مسلمان قتل کیے گئے۔ ان واقعات نے بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے تحفظ اور انسانی حقوق کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ تین ماہ کے دوران مسلمانوں سے متعلق پولیس فائرنگ اور مبینہ جعلی مقابلوں کے 118 واقعات سامنے آئے، جن میں سے 105 واقعات بھارتی ریاست اترپردیش میں پیش آئے۔
ساوتھ ایشیا جسٹس کمپین کے مطابق بھارت کی 18 ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز میں ووٹر لسٹوں سے مجموعی طور پر 6 کروڑ 16 لاکھ نام خارج کیے گئے ہیں، جس پر انتخابی عمل میں شفافیت اور اقلیتوں کے حقِ رائے دہی کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ بھارتی مختلف ریاستوں میں مسلمانوں کو زبردستی ہندوتوا کے نعرے لگوانے، ہراساں کرنے اور سرعام تذلیل کا نشانہ بنانے کے درجنوں واقعات پیش آئے۔
تنظیم کے گزشتہ چار سال کے ریکارڈ کے مطابق 2026 میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں نمایاں شدت دیکھی گئی ہے، جس کے باعث یہ سال بھارتی مسلمانوں کے لیے بدترین اور خونریز ترین سال قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے ان انکشافات نے بھارت میں مذہبی آزادی، اقلیتوں کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش کو مزید بڑھا دیا ہے۔
شائع ہوا: 17 نومبر، 2026 کو 07:40 AM
آخری تدوین: 17 نومبر، 2026



