12 سالہ لڑکی سے زیادتی کے بعد قتل کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک، دو ساتھی فرار

راولپنڈی میں 12 سالہ بچی میمونہ سے مبینہ زیادتی اور قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم ممریز عباسی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دو ملزمان فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے
راولپنڈی: راولپنڈی میں 12 سالہ بچی میمونہ سے مبینہ زیادتی کے بعد اسے قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی ٹیم پر تین ملزمان نے فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ کے دوران ملزم ممریز عباسی ہلاک ہوگیا، جس کا تعلق ایبٹ آباد سے بتایا جاتا ہے۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور کا پستول اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دو ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
فائرنگ کا واقعہ تھانہ رتہ امرال کی حدود میں عالم آباد اسٹاپ کے قریب چلڈرن پارک کے نزدیک پیش آیا۔

پولیس کے مطابق میمونہ چند روز قبل گھر سے مدرسے کے لیے نکلی تھی، تاہم ملزم اسے اپنے گھر لے گیا، جہاں مبینہ طور پر اس سے زیادتی کی اور بعد ازاں گلا دبا کر قتل کردیا۔ بچی کی لاش ملزم کی رہائش گاہ سے برآمد ہوئی تھی۔
اس واقعے کے حوالے سے ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں ملزم کو گلی میں بچی سے ملاقات کے دوران اسے پیسے دیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف تھانہ پیرودھائی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق مقدمے کی تفتیش اور ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک تین روز قبل سی سی ڈی کے سپرد کیا گیا تھا۔
پولیس فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔
شائع ہوا: 13 اکتوبر، 2026 کو 01:01 PM
آخری تدوین: 13 اکتوبر، 2026



