جیون ساتھی کا انتخاب کیریئر سے زیادہ مشکل ہے: نوال سعید

اداکارہ نوال سعید نے شادی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جیون ساتھی کا انتخاب شوبز انڈسٹری سے باہر کریں گی اور امیر یا مشہور شخص کے بجائے عزت کرنے والے، مہربان اور سادہ مزاج انسان کو ترجیح دیں گی
پاکستانی اداکارہ نوال سعید کا شادی اور جیون ساتھی کے انتخاب سے متعلق بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والے بیان میں نوال سعید نے کہا کہ جیون ساتھی کا انتخاب ایک انتہائی مشکل فیصلہ ہے اور وہ شادی کے لیے ایسے شخص کا انتخاب کریں گی جو ان کی عزت کرے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جیون ساتھی کا انتخاب وہ شوبز انڈسٹری سے باہر کریں گی، کیونکہ لائف پارٹنر کا انتخاب کیریئر منتخب کرنے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل اور ایک طرح کا جواء ہے۔
لائف پارٹنر کا انتخاب آسان نہیں: نوال سعید
نوال سعید کے مطابق کیریئر کے معاملے میں انسان ہمیشہ نئی چیزیں سیکھ سکتا ہے، اپنی غلطیوں سے سبق لے سکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر اپنا راستہ بھی تبدیل کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائف پارٹنر کا معاملہ مختلف ہے، کیونکہ کسی شخص کے بارے میں یہ یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ وہ مستقبل میں کیسا ثابت ہوگا۔
مشہور یا امیر شخص کے بجائے سادہ مزاج انسان کی خواہش
اداکارہ نے اپنے مثالی جیون ساتھی کے حوالے سے کہا کہ وہ کسی امیر یا بہت زیادہ مشہور شخصیت کے بجائے روادار، عزت کرنے والے، مہربان اور سادہ مزاج انسان کو ترجیح دیں گی۔
نوال سعید کا کہنا ہے کہ ان کے لیے جیون ساتھی میں دولت اور شہرت سے زیادہ اچھا رویہ، احترام اور مہربانی اہم خصوصیات ہیں۔
شائع ہوا: 4 ستمبر، 2026 کو 04:29 AM
آخری تدوین: 4 ستمبر، 2026



