آزاد کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو کرانے کا اعلان

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے عام انتخابات 27 جولائی کو کرانے کا اعلان کر دیا۔ انتخابات رینجرز اور سیکیورٹی فورسز کی نگرانی میں ہوں گے جبکہ 34 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے
(مظفرآباد) الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 27 جولائی کو کرانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ انتخابات شفاف، آزادانہ اور پرامن ماحول میں منعقد کرانے کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے جبکہ امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ کے عمل کی نگرانی رینجرز اور دیگر سیکیورٹی فورسز کریں گی تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامی اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت جاری ہے۔ انتخابی شیڈول جاری ہوتے ہی ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی تعیناتی کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا تاکہ انتخابی سرگرمیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں 34 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز انتخابات میں حصہ لیں گے اور اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کریں گے۔
دوسری جانب گزشتہ روز آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے کشمیری مہاجرین کی 12 مخصوص نشستیں برقرار رکھنے سے متعلق قرارداد منظور کی تھی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ مہاجرین کی نمائندگی ایک تاریخی اور آئینی حقیقت ہے جسے برقرار رکھنا ضروری ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق انتخابی نظام میں موجود پیچیدگیوں کے خاتمے اور تمام سیاسی جماعتوں کے لیے قابل قبول انتخابی ماحول کی فراہمی کے لیے ضروری اصلاحات قانون ساز اسمبلی کے ذریعے متعارف کرائی جا سکتی ہیں۔
سیاسی حلقوں کے مطابق عام انتخابات کے اعلان کے بعد آزاد کشمیر میں انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے اور مختلف سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہمات کی تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 5 جون، 2026 کو 12:38 PM
آخری تدوین: 5 جون، 2026



