خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی ورکنگ مکمل، حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد ہوگا: طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے ورکنگ مکمل کرلی گئی ہے، حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد ہوگا
اسی موضوع سے پڑھیں
اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے ورکنگ مکمل کرلی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مذاکرات کو محض لانگ مارچ کے مؤخر ہونے سے جوڑ کر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اگر لانگ مارچ مؤخر بھی کردیا جاتا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کا معاملہ ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے کہا جائے گا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو دہشتگردی کے معاملے پر وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی سے متعلق تمام پہلوؤں پر مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلہ متعلقہ حکام سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اس سے قبل کہا تھا کہ اگر وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کیا تو ان کی جماعت ’’ہر آپشن‘‘ استعمال کرے گی۔
خیبر پختونخوا میں امن و امان اور دہشتگردی کی صورتحال کے تناظر میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کا معاملہ بھی سیاسی بحث کا اہم موضوع بنا ہوا ہے۔
شائع ہوا: 2 اکتوبر، 2026 کو 04:53 AM
آخری تدوین: 2 اکتوبر، 2026



