پاسپورٹ بنوانے والوں کے لیے بڑی سہولت، ڈلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کو بھی کھلے رہیں گے


پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لیے بڑی سہولت، ملک بھر میں پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کو بھی صبح 8 سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔ خصوصی سہولت دو ماہ تک جاری رہے گی۔ محکمہ پاسپورٹس نے 6 ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہ کیے جانے والے پاسپورٹس تلف کرنے کی بھی تنبیہ کردی
اسلام آباد: محکمہ پاسپورٹس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ملک بھر میں پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کے روز بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ پاسپورٹس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہری ہفتہ کے روز اپنے تیار پاسپورٹس متعلقہ ڈلیوری کاؤنٹرز سے وصول کر سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ہفتہ کو ملک بھر کے پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔
محکمہ پاسپورٹس کے مطابق یہ خصوصی سہولت دو ماہ تک جاری رہے گی۔ اس اقدام کا مقصد ان شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو مصروفیات یا دیگر وجوہات کے باعث معمول کے دفتری اوقات میں اپنے پاسپورٹس وصول کرنے کے لیے کاؤنٹرز پر نہیں پہنچ سکتے۔
حکام کے مطابق ہفتہ وار ڈلیوری کاؤنٹرز کھولنے سے تیار پاسپورٹس کی بروقت فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔
6 ماہ سے زائد عرصے سے پاسپورٹ نہ لینے والوں کے لیے اہم تنبیہ
محکمہ پاسپورٹس نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ 6 ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہ کیے جانے والے پاسپورٹس حکومتی پالیسی کے مطابق تلف کر دیے جائیں گے۔
محکمہ پاسپورٹس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تیار پاسپورٹس مقررہ مدت کے اندر متعلقہ ڈلیوری کاؤنٹر سے وصول کر لیں۔

شائع ہوا: 5 ستمبر، 2026 کو 05:34 AM
آخری تدوین: 5 ستمبر، 2026



