حکومت اور اپوزیشن میں اعتماد کا فقدان، بلاول بھٹو کا جمہوری ری سیٹنگ پر زور

بلاول بھٹو زرداری نے ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں جمہوری ری سیٹنگ، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد کی بحالی، انتخابی اصلاحات اور صاف شفاف انتخابات پر زور دیا۔ انہوں نے مہنگائی، غربت، بے روزگاری، بجلی و پیٹرول کی قیمتوں اور کسانوں کی مشکلات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں سیاسی نظام کی جمہوری انداز میں ری سیٹنگ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کے لیے تمام سیاسی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، جبکہ پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین بھی اعتماد کی کمی پائی جاتی ہے۔
ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے، کیونکہ صاف اور شفاف انتخابات کے بغیر انتخابی نتائج، انتخابات اور ریفرنڈم متنازع رہیں گے۔
بلاول بھٹو نے ملتان میں گزشتہ دورے کے دوران سیلاب سے متاثرہ عوام کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود لوگوں کو انتہائی کٹھن حالات سے گزرتے دیکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور نمائندوں نے پنجاب کے عوام کا ساتھ دیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی آزمائش کی گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت کسی قدرتی آفت سے دوچار نہیں، تاہم معاشی مشکلات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ سیاست دانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو زمینی حقائق سے آگاہ کریں۔ بلاول بھٹو نے خدشہ ظاہر کیا کہ معاشی بحران کے باعث حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق مہنگائی، غربت، بے روزگاری، اشیائے خورونوش کی قیمتوں، پیٹرول اور بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کو شدید مشکلات میں ڈال رکھا ہے، جبکہ ڈی اے پی کھاد اور مہنگے ڈیزل کی وجہ سے کسان بھی پریشان ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے تمام اہم فیصلے پارلیمان کے اندر ہونے چاہئیں، پارلیمان سے باہر کیے گئے فیصلے نہ حتمی ہوتے ہیں اور نہ ہی ملک کے لیے بہتر ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہتھیار اٹھا کر نہیں بلکہ جمہوری جدوجہد کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا۔
صحافیوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے صحافی ماضی میں ملک کی طاقت ہوا کرتے تھے اور اپنے قلم سے حکومتیں بنانے اور گرانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی حکومت کو گرانے کے خواہاں نہیں، بلکہ چاہتے ہیں کہ صحافی اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو آئینہ دکھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سیاست دان ایک دوسرے کی تعریفیں کرتے رہیں اور صحافی بھی اسی روش پر چل پڑیں تو بہتری ممکن نہیں۔ صحافیوں کو تنقید اور احتساب کے ذریعے سیاست دانوں کی اصلاح کرنی چاہیے تاکہ وہ بہتر فیصلے کر سکیں۔
شائع ہوا: 26 نومبر، 2026 کو 12:41 PM
آخری تدوین: 26 نومبر، 2026



