پنجاب حکومت کا گلگت بلتستان کیلئے 6 کلینک آن ویلز کا تحفہ، صحت سہولیات کا دائرہ کار وسیع

پنجاب حکومت نے گلگت بلتستان کیلئے 6 کلینک آن ویلز بطور تحفہ روانہ کر دیے۔ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کے مطابق منصوبے کا مقصد دور دراز علاقوں تک بنیادی طبی سہولیات اور ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہے
لاہور: پنجاب حکومت نے عوامی صحت کی سہولیات کو صوبائی حدود سے باہر وسعت دیتے ہوئے گلگت بلتستان کیلئے 6 کلینک آن ویلز بطور تحفہ روانہ کر دیے ہیں، جنہیں ضروری ادویات اور طبی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے خصوصی تقریب کے دوران کلینک آن ویلز گلگت بلتستان کیلئے روانہ کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کی سہولیات اب پنجاب تک محدود نہیں رہیں بلکہ دیگر علاقوں کے عوام بھی ان سے مستفید ہو سکیں گے۔
خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ کلینک آن ویلز منصوبہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی صحت کی خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نہ صرف پنجاب بلکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ملک بھر کے عوام کی خدمت کے وژن پر عمل پیرا ہیں۔ ان کے مطابق ملک کے مختلف حصوں سے مطالبات موصول ہو رہے تھے کہ کلینک آن ویلز کی سہولت کو دیگر صوبوں اور علاقوں تک بھی توسیع دی جائے۔
صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ عوامی خواہشات اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے صحت کی سہولیات کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ گلگت بلتستان کیلئے روانہ کیے گئے یہ موبائل کلینکس مقامی آبادی کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
شائع ہوا: 3 جون، 2026 کو 05:02 AM
آخری تدوین: 3 جون، 2026



