ڈاکٹر کامران احمد کے تاریخی ناول ’’ گاڈیس آف دی انڈس‘‘ کی رونمائی
محمد نعیم اختر2 ستمبر، 2026
تاریخ کے پردے میں چھپی وادیٔ سندھ کی حیران کن داستان
(واشنگٹن) وادیٔ سندھ کی قدیم تہذیب اور ہزاروں سال پرانے تاریخی دور کو ادبی انداز میں اجاگر کرنے والے ڈاکٹر کامران احمد کے تاریخی ناول "گاڈیس آف دی انڈس" کی واشنگٹن ڈی سی میں تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں ادب، تاریخ اور ثقافت سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے شرکت کی

تقریب میں شرکا نے ناول کو قدیم وادیٔ سندھ کی تاریخ، تہذیب اور انسانی معاشرے کو سمجھنے کی ایک منفرد ادبی کوشش قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر کامران احمد کی کاوش کو سراہا

یہ ناول قارئین کو تقریباً 3,200 سال پہلے کے اس دور میں لے جاتا ہے، جب وادیٔ سندھ اور خطے میں روحانیت، مذہب، سماجی ڈھانچے اور طاقت کے تصورات بڑی تبدیلیوں سے گزر رہے تھے

ناول میں مقامی آبادی اور باہر سے آنے والے گروہوں کے درمیان کشمکش کے ساتھ ساتھ مذہبی اور سماجی اختیار، ذات پات کے نظام، صنفی کردار اور خواتین کے جسم اور جنسیت سے متعلق تصورات کو انسانی کرداروں، جذبات اور کہانی کے ذریعے بیان کیا گیا ہے

کہانی محبت، جدائی، طاقت، مزاحمت اور امید کے گرد گھومتی ہے، جبکہ روحانیت اور مذہب، فطرت اور انسانی زندگی کے تعلق کے علاوہ فن، موسیقی اور رقص بھی ناول کے اہم موضوعات میں شامل ہیں

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کامران نے اس امر کو بھی اجاگر کیا کہ ناول ماضی کی ایک تہذیب کو محض تاریخی واقعات کے طور پر پیش کرنے کے بجائے اس دور کے انسانوں کے جذبات، تعلقات، طاقت کی کشمکش اور سماجی زندگی کو کہانی کا حصہ بناتا ہے

"گاڈیس آف دی انڈس" صرف ایک تاریخی ناول نہیں بلکہ ماضی کے آئینے میں آج کے معاشرے، طاقت، مذہب اور انسانی شناخت پر غور کرنے کی ایک ادبی کوشش ہے۔ واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی تقریب میں شرکا کی جانب سے ناول کو بھرپور پذیرائی اس بات کی عکاس تھی کہ قدیم وادیٔ سندھ کی تاریخ اور تہذیب آج بھی عالمی سطح پر قارئین اور دانشوروں کے لیے گہری دلچسپی کا موضوع ہے۔

محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 2 ستمبر، 2026 کو 04:39 PM
آخری تدوین: 2 ستمبر، 2026



