مریم نواز کی کاشتکاروں کیلئے بڑی خوشخبری، اگلے مالی سال میں 20 ہزار گرین ٹریکٹر دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اگلے مالی سال میں 20 ہزار گرین ٹریکٹرز کی فراہمی کی ہدایت جاری کر دی۔ 50 سے 65 ہارس پاور ٹریکٹرز پر ساڑھے 7 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی جبکہ جدید زرعی مشینری کے لیے بلاسود قرضوں اور سپرسیڈر اسکیموں کا دائرہ بھی وسیع کیا جا رہا ہے
(لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے کاشتکاروں کی فلاح اور زرعی شعبے کی جدید خطوط پر ترقی کے لیے اگلے مالی سال میں 20 ہزار گرین ٹریکٹرز فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ 50 سے 65 ہارس پاور تک کے ٹریکٹرز کی خریداری پر کاشتکاروں کو فی ٹریکٹر ساڑھے 7 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی تاکہ زرعی مشینری تک کسانوں کی رسائی آسان بنائی جا سکے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 12 اقسام کی ہائی ٹیک زرعی مشینری کی خریداری کے لیے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضوں کی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو تقریباً 200 جدید کمبائنڈ ہارویسٹرز بھی فراہم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گندم کی فصل کی کٹائی کے لیے پہلی بار 50 ہائی ٹیک کمبائنڈ ہارویسٹرز استعمال کیے گئے، جبکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے چاول کے کاشتکاروں میں 5 ہزار سپرسیڈر تقسیم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق سپرسیڈر ٹیکنالوجی کے ذریعے پہلی مرتبہ 14 لاکھ ایکڑ رقبے پر چاول کی بوائی مکمل کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 5 ہزار سپرسیڈر کاشتکاروں کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ان کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر میکانائزیشن سے نہ صرف پیداواری لاگت میں کمی آئے گی بلکہ زرعی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپرسیڈر کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے اور جدید زرعی مشینری کا استعمال موجودہ دور میں ناگزیر ہو چکا ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کے لیے جدید مشینری کرائے پر حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ زرعی شعبے کی ترقی کے ثمرات ہر کسان تک پہنچ سکیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 4 جون، 2026 کو 05:57 AM
آخری تدوین: 6 جون، 2026



