وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

حماس کا غزہ میں حکومت سے دستبرداری کا اعلان، انتظامی کمیٹی تحلیل کرنے کا فیصلہ

W
Web Desk
6 جولائی، 2026
حماس کا غزہ میں حکومت سے دستبرداری کا اعلان، انتظامی کمیٹی تحلیل کرنے کا فیصلہ

حماس نے غزہ میں تقریباً 20 سال بعد اپنی حکومت ختم کرنے اور انتظامی کمیٹی تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا۔ تنظیم کے مطابق شہری انتظام ٹیکنوکریٹک قومی کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا، جبکہ عسکری ونگ اور اسلحے سے متعلق مؤقف برقرار رہے گا

غزہ: فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے تقریباً دو دہائیوں بعد غزہ میں اپنی حکومت ختم کرنے اور موجودہ انتظامی کمیٹی تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہری انتظام ایک ٹیکنوکریٹک قومی کمیٹی کے سپرد کرنے کی راہ ہموار کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کی قیادت نے اس فیصلے کا اعلان کیا، جس کے تحت نیشنل کمیٹی برائے سول مینجمنٹ کی بنیاد پر ایک ٹیکنوکریٹک طرز کی عبوری انتظامیہ قائم کی جائے گی تاکہ غزہ میں سول امور کو سیاسی اتفاقِ رائے کے ساتھ چلایا جا سکے۔

حماس کے ایک عہدیدار کے مطابق تنظیم نے موجودہ حکومتی ڈھانچے کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور قومی انتظامی کمیٹی کے مکمل طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے تک ایک عوامی سطح پر قابلِ قبول شخصیت کو عبوری انتظام سونپا جائے گا۔

حماس نے واضح کیا کہ سول حکومت سے دستبرداری کا مطلب تنظیم کا مکمل غیر مسلح ہونا نہیں ہے۔ تنظیم کے مطابق انتظامی اختیارات کی منتقلی اور عسکری ونگ یا اسلحے سے متعلق معاملات الگ نوعیت کے ہیں اور ان پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ حماس نے 2007 میں فلسطینی داخلی کشیدگی اور مسلح تصادم کے بعد غزہ کا کنٹرول سنبھالا تھا اور اس کے بعد سے علاقے کی سول انتظامیہ چلا رہی تھی۔ حالیہ فیصلہ غزہ میں جنگ بندی کے بعد جاری سیاسی مذاکرات اور مستقبل کے انتظامی نظام سے متعلق کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو غزہ میں تقریباً بیس برس بعد ایک بڑی سیاسی تبدیلی رونما ہو سکتی ہے۔ تاہم اس پیش رفت کی کامیابی کا انحصار نئی فلسطینی انتظامیہ کی تشکیل، اسرائیل کے ردعمل اور جاری امن مذاکرات کے نتائج پر ہوگا۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 6 جولائی، 2026 کو 04:59 PM

آخری تدوین: 6 جولائی، 2026

متعلقہ مضامین