حوثیوں کا سعودی عرب پر دوسرے روز بھی پروجیکٹائل حملہ، 2 افراد زخمی

حوثیوں کے سعودی عرب کے جازان ریجن پر دوسرے روز بھی پروجیکٹائل حملے میں 2 افراد زخمی ہوگئے، مسجد اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا
ریاض: حوثیوں نے سعودی عرب پر دوسرے روز بھی پروجیکٹائل حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں جازان ریجن میں دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک مسجد اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق جازان ریجن کی الطوال گورنریٹ میں پروجیکٹائل گرنے کے بعد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ حملے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
حکام کے مطابق پروجیکٹائل حملے سے ایک مسجد اور کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ سعودی محکمہ شہری دفاع نے شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب گزشتہ روز بھی سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
سعودی اور برطانوی وزرائے خارجہ میں رابطہ
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے برطانوی وزیر خارجہ نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال اور حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔
برطانوی وزیر خارجہ نے گفتگو کے دوران کہا کہ سعودی عرب کو اپنی حفاظت اور دفاع کا حق حاصل ہے۔
شائع ہوا: 13 ستمبر، 2026 کو 06:10 AM
آخری تدوین: 13 ستمبر، 2026



