ایران کی فوجی صلاحیتیں دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ ہیں، قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے: ایرانی فوجی سربراہ


ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ ایران اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا
تہران: ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایران اپنے قومی مفادات پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ملک کی فوجی صلاحیتیں دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ ہیں۔
اپنے بیان میں میجر جنرل امیر حاتمی نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج نے ماضی میں دہشت گرد طاقتوں کا مقابلہ کرتے ہوئے انہیں پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کیا ہے۔
ایرانی فوج کے سربراہ نے امریکی حکام کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس کے رویے اور فیصلوں میں بے بسی اور مایوسی واضح طور پر نظر آتی ہے۔
امیر حاتمی کے مطابق امریکی حکام اپنی شکست کو چھپانے کے لیے امریکی عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی حمایت کے بغیر اسرائیلی فوج بہت کم عرصے میں تباہ ہو جائے گی۔
ایرانی فوجی سربراہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ ان کے سخت مؤقف سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کا جواب دینے کے لیے اپنی عسکری صلاحیتوں پر اعتماد رکھتا ہے۔

شائع ہوا: 13 ستمبر، 2026 کو 03:26 AM
آخری تدوین: 13 ستمبر، 2026



