جاپانی فنکارہ یایوئی کوساما 97 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

دنیا کی معروف جاپانی فنکارہ یایوئی کوساما 97 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ کوساما نے کم عمری میں فن کا آغاز کیا اور زندگی کے آخری ایام تک مصوری جاری رکھی
دنیا بھر میں اپنی منفرد اور جدت پسند مصوری کے باعث شہرت رکھنے والی معروف جاپانی فنکارہ یایوئی کوساما 97 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
یایوئی کوساما کی کمپنی نے جمعرات کو ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فنکارہ 14 اگست کو وفات پا گئی تھیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر سے فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کمپنی کے بیان کے مطابق کوساما نے اپنی پوری زندگی فن کے لیے وقف کیے رکھی اور بصری فن، پرفارمنس، افسانہ نگاری اور شاعری سمیت مختلف شعبوں میں اپنی منفرد شناخت بنائی۔
بیان میں کہا گیا کہ یایوئی کوساما نے زندگی کے آخری ایام تک مصوری جاری رکھی اور فن تخلیق کرنے کا سلسلہ کبھی نہیں روکا۔
10 برس کی عمر میں فن کا آغاز
یایوئی کوساما نے محض 10 برس کی عمر میں اپنے منفرد فن پارے بنانا شروع کیے تھے۔ اپنی خودنوشت میں انہوں نے ایک ایسے تجربے کا ذکر کیا جس نے ان کے فن پر گہرا اثر ڈالا۔
کوساما کے مطابق ایک میز پوش پر بنے سرخ پھولوں کے نقش دیکھنے کے بعد انہیں یہی نقش چھت، کھڑکیوں اور ستونوں پر بھی دکھائی دینے لگے۔ انہیں محسوس ہوا جیسے پورا کمرہ ان نقوش سے بھر گیا ہو۔
یہ تجربات بعد میں ان کے فن میں نظر آنے والے مخصوص نمونوں اور لامحدود بصری دنیا کی بنیاد بنے۔
جاپان سے امریکا تک فن کا سفر
یایوئی کوساما نے جاپان میں فنون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1950 کی دہائی کے اواخر میں امریکا کا رخ کیا۔ وہاں معروف امریکی فنکارہ جارجیا اوکیف کی مدد سے انہوں نے نیویارک کے جدت پسند فنون کے حلقوں میں اپنی جگہ بنائی۔
وقت کے ساتھ کوساما کا شمار دنیا کی نمایاں معاصر فنکاروں میں ہونے لگا اور ان کے فن نے عالمی سطح پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔
عالمی سطح پر خراج عقیدت
یایوئی کوساما کے انتقال پر دنیا بھر سے فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات اور ان کے مداحوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے بھی کوساما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک حقیقی بصیرت رکھنے والی فنکارہ قرار دیا۔ ان کے مطابق کوساما نے دنیا کو بے حد وسیع تخیل کی طاقت دکھائی۔
یایوئی کوساما کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے منفرد اسلوب کے ذریعے جدید فن کی دنیا پر گہرا اثر چھوڑا اور عالمی سطح پر جاپانی فن کو ایک نئی شناخت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
شائع ہوا: 28 اگست، 2026 کو 06:09 AM
آخری تدوین: 28 اگست، 2026



