امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 5.0 شدت کا زلزلہ، 40 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ، عمارتوں کو نقصان

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں 5.0 شدت کے زلزلے کے بعد 40 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے۔ عمارتوں کو نقصان، ایئرپورٹ پر شیشے ٹوٹ گئے، مزید جھٹکوں کا خدشہ
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں 5.0 شدت کے زلزلے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، زلزلے کے بعد 40 سے زائد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے، جبکہ مختلف عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز لاس اینجلس کے علاقے مین ہیٹن بیچ میں 5.0 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد مختلف شدت کے متعدد جھٹکے محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کے بعد 40 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کے روز آنے والے زلزلے کے بعد 4.0 شدت سے زیادہ کے 2 جبکہ 3.0 شدت سے زیادہ کے 8 آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث بعض عمارتوں کو نقصان پہنچا، جبکہ ایئرپورٹ پر شیشے ٹوٹ کر بکھر گئے۔ اس دوران رن وے کے قریب پہنچنے والی ایک پرواز کو کنٹرول ٹاور نے احتیاطی تدابیر کے تحت لینڈنگ سے روک دیا۔
دوسری جانب مین ہیٹن بیچ کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ متاثرہ عمارتوں اور بجلی کی ٹوٹی ہوئی تاروں سے دور رہیں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے۔
زلزلے کے بعد ماہرین نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ ایک سے دو ہفتوں کے دوران 3.0 شدت کے مزید آفٹر شاکس محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
زلزلے کے بعد علاقے میں صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شائع ہوا: 29 نومبر، 2026 کو 09:17 AM
آخری تدوین: 29 نومبر، 2026



