آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر مریم نواز برہم، 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور

پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعلیٰ مریم نواز برہم، سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور کرلی۔ فلور ملوں کو سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ، عوام کو سستا آٹا اور روٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا اور عوام کو ہر صورت سستا آٹا اور گندم فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں فلور ملوں کو سبسڈی کے تحت فراہم کی جانے والی سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس وقت فلور ملوں کو سرکاری گندم 3 ہزار 800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر اتفاق کیا گیا، جس کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منظوری بھی دے دی۔
اجلاس میں مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام پر مہنگائی کا بوجھ بے حد تکلیف دہ ہے اور حکومت انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عوام کو سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رہے گی اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
حکومت پنجاب کی جانب سے 10 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری کا مقصد آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا اور عوام کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔
شائع ہوا: 10 اکتوبر، 2026 کو 06:19 AM
آخری تدوین: 10 اکتوبر، 2026



