مولانا فضل الرحمان نہ گرفتار ہیں نہ نظر بند، سی سی پی او لاہور کا ہائیکورٹ میں جواب، عدالت نے طلب کرلیا

لاہور ہائیکورٹ میں مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی کے کیس میں سی سی پی او لاہور نے جواب جمع کراتے ہوئے کہا کہ مولانا نہ گرفتار ہیں، نہ پولیس کو مطلوب اور نہ ہی نظر بند ہیں۔ عدالت نے سی سی پی او کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا
لاہور ہائیکورٹ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ گھر میں نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں سی سی پی او لاہور نے تحریری جواب جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان نہ گرفتار ہیں، نہ پولیس کو مطلوب اور نہ ہی انہیں گھر میں نظر بند کیا گیا ہے۔
جسٹس علی ضیا باجوہ نے جے یو آئی (ف) کے وکیل ابرار حسین کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے گزشتہ روز سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل فرخ لودھی نے سی سی پی او لاہور کی جانب سے تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا، جس میں کہا گیا کہ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کو گرفتار نہیں کیا اور ان کی گھر میں نظر بندی کے حوالے سے بھی کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز کسی کی تعزیت کے لیے گھر سے باہر گئے تھے۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ تعزیت کے لیے جانے کا کیا ثبوت موجود ہے؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ پولیس کے پاس اس حوالے سے ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے سی سی پی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت دوپہر ایک بجے تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ 24 نومبر کو مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ سے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ریاستی حصار میں ہیں اور لاہور کے تمام راستے بند ہونے کے باعث لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے براہ راست خطاب نہیں کر سکیں گے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتظامیہ کا مولانا فضل الرحمان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی انہیں کسی تھریٹ الرٹ سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی کے حوالے سے کوئی احکامات جاری نہیں کیے گئے۔
شائع ہوا: 26 نومبر، 2026 کو 12:56 PM
آخری تدوین: 26 نومبر، 2026



