برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی اور بھارتی شہری سرفہرست

برطانوی ہوم آفس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی اور بھارتی شہری سرفہرست رہے۔ شہریت حاصل کرنے والوں کی تعداد 10 فیصد اضافے سے 2 لاکھ 65 ہزار ہوگئی، جبکہ پناہ کی درخواستوں میں 33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ برطانوی ہوم سیکرٹری شبانہ محمود نے امیگریشن اصلاحات کی تفصیلات بھی بتا دیں
برطانیہ میں گزشتہ ایک سال کے دوران شہریت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی اور بھارتی شہری سرفہرست رہے۔ برطانوی ہوم آفس کی تازہ رپورٹ کے مطابق برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں کی مجموعی تعداد میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ تعداد 2 لاکھ 65 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ستمبر تک ختم ہونے والے 12 ماہ کے دوران برطانوی شہریت کے حصول کے لیے درخواستیں دینے والوں کی تعداد بھی ریکارڈ 3 لاکھ 20 ہزار تک جا پہنچی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔
دوسری جانب اسی عرصے میں برطانیہ میں پناہ کی درخواستوں میں تقریباً ایک تہائی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 74 ہزار افراد نے پناہ کی درخواستیں جمع کرائیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد کم ہیں۔ ہوم آفس کا کہنا ہے کہ اس کمی کی بڑی وجہ غیر قانونی راستوں سے برطانیہ پہنچنے والے افراد کی درخواستوں میں کمی ہے۔
برطانوی ہوم سیکرٹری شبانہ محمود نے کہا ہے کہ امیگریشن کے شعبے میں ہونے والی یہ تبدیلیاں اتفاقی نہیں بلکہ حکومتی اقدامات کا نتیجہ ہیں۔ ان کے مطابق نیٹ مائیگریشن کو سابقہ حکومت کے دور کی بلند ترین سطح سے 92 فیصد کم کرکے 77 ہزار تک لایا گیا ہے۔
شبانہ محمود کا کہنا تھا کہ حکومت اصلاحات کے ذریعے ایک منصفانہ امیگریشن نظام تشکیل دینا چاہتی ہے، جس میں ملک اور معاشرے کے لیے اپنا حصہ ڈالنے والوں کو اس کا صلہ ملے گا۔
ہوم آفس کی رپورٹ کے مطابق اس وقت 93 ہزار پناہ کے درخواست گزاروں کو سرکاری معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہے۔ رہائش کی سہولت حاصل کرنے والے 1195 افراد کو سابق فوجی اڈوں پر رکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال مجموعی طور پر 52 اسائلم ہوٹل بند کیے گئے ہیں، جبکہ اس وقت برطانیہ میں 140 ہوٹل پناہ گزینوں کی رہائش کے لیے زیر استعمال ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی لیبر حکومت نے موجودہ پارلیمانی مدت کے اختتام تک پناہ گزینوں کے لیے استعمال ہونے والے تمام ہوٹل بند کرنے کا وعدہ بھی کر رکھا ہے۔
شائع ہوا: 26 نومبر، 2026 کو 01:19 PM
آخری تدوین: 26 نومبر، 2026



