نوعمر افراد کیلئے فیس بک اور انسٹاگرام کا استعمال محدود کرنے پر میٹا کا اتفاق

میٹا نے نوعمر صارفین کیلئے فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال کو روزانہ دو گھنٹے تک محدود کرنے پر اتفاق کرلیا۔ رات کے اوقات میں رسائی اور اسکول ٹائم نوٹیفکیشنز پر بھی پابندی ہوگی
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے نوعمر صارفین کے استعمال کے اوقات محدود کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے قانون کے تحت نوعمر افراد فیس بک اور انسٹاگرام روزانہ زیادہ سے زیادہ دو گھنٹے استعمال کرسکیں گے، تاہم والدین کی منظوری سے اس دورانیے میں اضافہ ممکن ہوگا۔
معاہدے کے تحت کمپنی نوعمر صارفین کی رسائی رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک بھی محدود کرے گی، جبکہ اسکول کے اوقات میں پش نوٹیفکیشنز بند کیے جائیں گے۔
میٹا کے خلاف بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے کا مقدمہ
یہ پیش رفت میٹا کے خلاف بچوں اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے کے الزامات سے متعلق مقدمات کے تصفیے کے بعد سامنے آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق میٹا نے امریکا کی تقریباً تمام ریاستوں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں، جن کے تحت کمپنی آئندہ ایک دہائی کے دوران 18 ارب ڈالر تک ادا کرے گی۔
معاہدوں میں نوعمر صارفین کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال پر مزید سخت پابندیاں بھی شامل ہیں۔
وفاقی مقدمہ بھی اختتام پذیر
بدھ کو اعلان کیے گئے معاہدوں کے نتیجے میں میٹا کے خلاف جاری وفاقی مقدمہ بھی اختتام پذیر ہوگیا۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ میٹا کی مصنوعات بچوں اور نوجوانوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور کمپنی نے اپنے پلیٹ فارمز کی حفاظت سے متعلق عوام کو گمراہ کیا۔
نئے اقدامات کے تحت میٹا کو نوعمر صارفین کے سوشل میڈیا استعمال کے دورانیے، رات کے اوقات میں رسائی اور اسکول کے اوقات میں اطلاعات کی ترسیل سے متعلق مزید پابندیوں کا سامنا ہوگا۔
یہ معاہدے بچوں اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ممکنہ منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے امریکا میں جاری قانونی اور پالیسی اقدامات کی اہم پیش رفت قرار دیے جارہے ہیں۔
شائع ہوا: 28 اگست، 2026 کو 06:17 AM
آخری تدوین: 28 اگست، 2026



