آرلنگٹن قبرستان میں پیٹ ہیگسیتھ کو فوجی اہلکار کی تنبیہ، خاموشی برقرار رکھنے کا حکم
محمد نعیم اختر12 نومبر، 2026
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور ان کے وفد کو آرلنگٹن قبرستان میں نامعلوم فوجی کی قبر کے قریب ہنسنے اور بلند آواز میں گفتگو پر فوجی اہلکار کی سخت تنبیہ کا سامنا کرنا پڑا، واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی
واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں نامعلوم فوجی کی قبر(ٹومب آف دی اَن نان) کے قریب خاموشی اور احترام برقرار رکھنے کے حوالے سے فوجی اہلکار کی سخت تنبیہ کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد امریکی میڈیا میں بھی اس پر بحث شروع ہوگئی ہے۔
یہ واقعہ ویٹرنز ڈے کی تقریب کے بعد پیش آیا، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شرکت کی اور نامعلوم فوجی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
تقریب کے بعد پیٹ ہیگسیتھ اپنی اہلیہ جینیفر، چیف آف اسٹاف رکی بوریا، ڈپٹی چیف آف اسٹاف پیٹرک ویور اور سینئر مشیر ٹیمی راڈاباؤ کے ہمراہ یادگار کے سامنے تصاویر بنوا رہے تھے۔

تصاویر بنوانے کے بعد جب وزیر دفاع اور ان کا وفد وہاں سے روانہ ہونے لگا تو گروپ کے بعض ارکان کی ہنسی اور بلند آواز میں گفتگو سنائی دی۔ اس پر وہاں تعینات امریکی فوجی اہلکار نے اپنی گشت روک کر وفد کی جانب رخ کیا اور بلند آواز میں ہدایت جاری کی کہ تمام زائرین ہر وقت خاموشی اور احترام کا ماحول برقرار رکھیں۔

ویڈیو میں فوجی اہلکار کی یہ تنبیہ واضح طور پر سنی جاسکتی ہے، جس کے بعد یہ واقعہ سوشل میڈیا اور امریکی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے پینٹاگون کے چیف ترجمان شان پارنل نے فوجی اہلکار کے اقدام کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع اور محکمہ دفاع امریکی فوجیوں کی قربانیوں کا ہمیشہ احترام کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
شان پارنل کے مطابق ویٹرنز ڈے کی تقریب کے دوران فوجی اہلکار نے درست اور احترام کے ساتھ وہاں موجود افراد کو مناسب طرزِ عمل اختیار کرنے کی یاد دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ ٹومب آف دی اَن نان امریکا کی اہم ترین قومی فوجی یادگاروں میں شمار ہوتی ہے۔ یہاں پہلی اور دوسری عالمی جنگ اور کوریائی جنگ میں ہلاک ہونے والے ایسے امریکی فوجیوں کی باقیات دفن ہیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی تھی۔
اس یادگار کی حفاظت امریکی فوج کی تھرڈ انفنٹری رجمنٹ کے اہلکار کرتے ہیں، جنہیں اولڈ گارڈ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ذمہ داری 1948 سے مسلسل انجام دی جارہی ہے اور یادگار کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جاتی ہے۔
آرلنگٹن نیشنل قبرستان کے قواعد کے مطابق نامعلوم فوجی کی قبر کے اطراف زائرین کے لیے خاموشی، نظم و ضبط اور احترام برقرار رکھنا لازمی ہے۔ وہاں تعینات فوجی اہلکار ان قواعد پر عمل درآمد یقینی بناتے ہیں، چاہے وہاں آنے والے افراد میں اعلیٰ حکومتی عہدیدار ہی کیوں نہ شامل ہوں۔

محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 12 نومبر، 2026 کو 03:51 AM
آخری تدوین: 12 نومبر، 2026



