آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی حیثیت میں واپس نہیں آئے گی، باقر قالیباف

ایرانی اسپیکر باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال اب پہلے جیسی نہیں ہوگی۔ ایران نے قطر کے ذریعے امریکا کو جنگ کے خاتمے کے لیے 7 نکاتی امن منصوبہ پیش کردیا
تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور مذاکراتی وفد کے سربراہ باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ سے پہلے والی صورتحال میں کبھی واپس نہیں آئے گی، جبکہ ایران اور عمان اس اہم آبی گزرگاہ کی نگرانی اور انتظام کے حوالے سے نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے باقر قالیباف نے انکشاف کیا کہ ایران نے 8 ماہ سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے قطر کے ذریعے امریکا کو 7 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے اور اب تہران امریکی جواب کا منتظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب گیند امریکا کے کورٹ میں ہے۔ اگر واشنگٹن پہلے سے طے شدہ نکات کی پابندی کرے اور ایسے اضافی مطالبات سے گریز کرے جن سے بداعتمادی میں اضافہ ہو تو معاہدہ ممکن ہے، تاہم ایران کو اب بھی امریکی حکام پر اعتماد نہیں۔
ایرانی اسپیکر کے مطابق ایران کی جانب سے پیش کی گئی شرائط میں امریکی بحری ناکا بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہیں۔
باقر قالیباف نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی نئی فوجی کارروائی کے تناظر میں اپنی دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
آبنائے ہرمز کے مستقبل سے متعلق اہم بیان
آبنائے ہرمز کے حوالے سے باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ جنگ کے بعد اس اہم آبی گزرگاہ کا نظام پہلے جیسا نہیں رہے گا۔ ایران اور عمان اس کے انتظام اور نگرانی کے لیے نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ آبنائے ہرمز کے قواعد و ضوابط کا تعین اس کے ساحلی ممالک ایران اور عمان کے قوانین کے تحت ہونا چاہیے۔
یمن تنازع میں مداخلت نہ کرنے کی اپیل
یمن کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ کسی بیرونی فریق کو یمن کے تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب اور یمن کی حکومت دونوں ایران سے مدد طلب کریں تو تہران تنازع کے حل اور فریقین کے درمیان اختلافات ختم کرانے میں معاونت کے لیے تیار ہوگا۔
باقر قالیباف کے ان بیانات کو خطے میں جاری کشیدگی، آبنائے ہرمز کے مستقبل اور ایران امریکا مذاکرات کے حوالے سے اہم سفارتی پیشرفت قرار دیا جارہا ہے، تاہم امن منصوبے پر امریکی ردعمل اور ممکنہ معاہدے کے امکانات تاحال واضح نہیں
شائع ہوا: 12 نومبر، 2026 کو 06:23 AM
آخری تدوین: 12 نومبر، 2026



