پاکستان جی 24 کا چیئرمین بن گیا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نئے چیئرمین منتخب

پاکستان نے ترقی پذیر ممالک کے بین الحکومتی گروپ جی 24 کی چیئرمین شپ سنبھال لی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نئے چیئرمین منتخب، وزیراعظم شہباز شریف نے کامیابی کو عالمی سطح پر پاکستان کے مؤثر کردار میں اضافے کی اہم پیشرفت قرار دے دیا
پاکستان نے ترقی پذیر ممالک کے عالمی مالیاتی مفادات کے تحفظ اور عالمی اقتصادی نظام میں مؤثر نمائندگی کے لیے بین الحکومتی گروپ آف 24 (جی 24) کی چیئرمین شپ سنبھال لی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جی 24 کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے اظہارِ مسرت کیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جی 24 کی سربراہی سنبھالنے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی مناسب نمائندگی اور منصفانہ مالیاتی نظام کے قیام کے لیے بھرپور آواز اٹھائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی اہمیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ معاشی استحکام کے ثمرات سرمایہ کاری، روزگار اور عوامی خوشحالی کی صورت میں سامنے آسکیں۔
محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی بڑھانے اور فیصلہ سازی کے عمل میں تمام ممالک کو مناسب حصہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو سستی اور بروقت مالی معاونت کی فراہمی، قرضوں کے مسائل کا پائیدار حل اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان جی 24 کی سربراہی میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ ترقی پذیر ممالک میں سرکاری اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ، معاشی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لیے مالی وسائل کی فراہمی بھی پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جی 24 کی کامیابی کا حقیقی پیمانہ ترقی پذیر ممالک کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے۔ پاکستان گروپ کی سربراہی کے دوران ترقی پذیر ممالک کی اجتماعی آواز کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف 24 (جی 24) کی چیئرمین شپ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیشرفت عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار اور آواز کو مزید تقویت دے گی۔
وزیراعظم نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستان کے مؤثر کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ جی 24 کی سربراہی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے۔
شائع ہوا: 1 نومبر، 2026 کو 01:56 PM
آخری تدوین: 1 نومبر، 2026



