پاکستان کی مدینہ پاور اسٹیشن پر حملے کی مذمت، سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار

پاکستان نے مدینہ منورہ کے طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کی حمایت کا اعادہ کیا
اسی موضوع سے پڑھیں
اسلام آباد: پاکستان نے مدینہ منورہ کے طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 29 ستمبر کو مدینہ منورہ میں طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان نے شہری تنصیب اور مسجد نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرنے والے نظام پر حملے کو شدید تشویش کا باعث قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسے حملے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے لیے گہری تشویش اور اضطراب کا باعث ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ دونوں مقدس مساجد کی حرمت اور وہاں موجود نمازیوں اور عازمین کی سلامتی کا ہر حال میں احترام کیا جانا چاہیے۔
پاکستان نے ایسے اقدامات کو فوری اور غیر مشروط طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ، سعودی عوام کی سلامتی اور عازمین کی حفاظت کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
شائع ہوا: 2 اکتوبر، 2026 کو 07:38 AM
آخری تدوین: 2 اکتوبر، 2026



