رضوان اور امام الحق کی ٹیسٹ ٹیم میں سلیکشن پر پی سی بی کا سلیکٹرز کو نوٹس، 24 گھنٹوں میں جواب طلب

پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد رضوان اور امام الحق کی ٹیسٹ اسکواڈ میں سلیکشن پر سلیکٹرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں جواب طلب کرلیا۔ پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کے انتخاب کے معیار، کارکردگی اور سفارشات کی وجوہات کی تفصیلی وضاحت مانگ لی ہے
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد رضوان اور امام الحق کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کے معاملے پر سلیکشن کمیٹی کے ارکان سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیر احمد سید کی جانب سے سلیکٹرز کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں انہیں نوٹس موصول ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں محمد رضوان اور امام الحق کی ٹیسٹ اسکواڈ میں سلیکشن کے معیار، حالیہ کارکردگی اور دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کی وجوہات سے متعلق تفصیلی وضاحت طلب کی گئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو سلیکٹرز کی سفارشات کی بنیاد پر ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔ میٹنگ منٹس کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے ارکان نے 2 جون کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کی تھی، جہاں محمد رضوان اور امام الحق کی اسکواڈ میں شمولیت کی سفارش کی گئی۔
پی سی بی نے سلیکٹرز سے کہا ہے کہ وہ دونوں کرکٹرز کے انتخاب کے لیے مقررہ معیار اور اپنی سفارشات کی بنیاد سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز کے جواب موصول ہونے کے بعد پی سی بی اس معاملے پر مزید کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔
شائع ہوا: 1 ستمبر، 2026 کو 05:13 PM
آخری تدوین: 1 ستمبر، 2026



