وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کرک پہنچ گیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ لکی مروت سے کرک پہنچ گیا۔ سہیل آفریدی نے وفاقی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے 100 دن میں امن قائم کرنے کا دعویٰ کیا
اسی موضوع سے پڑھیں
کرک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ لکی مروت سے کرک پہنچ گیا۔
لانگ مارچ کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور سے لکی مروت پہنچے، جہاں کارکنوں نے ہیلی پیڈ پر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مفاد کے خلاف بنائی جانے والی بند کمروں کی پالیسی قبول نہیں کی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے موجودہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی تو ملک میں امن تھا، تاہم موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں دہشت گردی ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے دعویٰ کیا کہ ان کی جانب سے تجویز کردہ پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے تو 100 دن میں صوبے میں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے آئندہ مرحلے کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر پلان دیا جائے گا۔ سہیل آفریدی کے مطابق قافلہ کل کرک سے اگلے مرحلے کے لیے روانہ ہوگا۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران کارکنوں کی بڑی تعداد بھی قافلے کے ہمراہ موجود ہے، جبکہ مارچ کے آئندہ روٹ اور پروگرام سے متعلق تفصیلات مرحلہ وار جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
شائع ہوا: 5 اکتوبر، 2026 کو 03:52 AM
آخری تدوین: 5 اکتوبر، 2026



