پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کی 4 اکتوبر کو لانگ مارچ شروع کرنے کی منظوری

پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر سے لانگ مارچ شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی جنوبی اضلاع سے مارچ کا آغاز کریں گے
اسی موضوع سے پڑھیں
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت ہوا، جس میں لانگ مارچ، خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف ممکنہ وفاقی اقدامات سمیت مختلف اہم سیاسی امور پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر سے لانگ مارچ شروع کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی جنوبی اضلاع سے مارچ کا آغاز کریں گے۔
ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کو حکومت مخالف تحریک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ کئی ہفتوں کی سیاسی سرگرمیوں کے بعد مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا۔ مارچ کے حتمی پڑاؤ سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی سینئر قیادت نے بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو لانگ مارچ شروع کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کے خلاف کسی بھی ممکنہ وفاقی اقدام کا جواب عوامی طاقت سے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کی صورت میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے ممکنہ وفاقی اقدامات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے قانونی ٹیم تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں لانگ مارچ کی تیاریوں، سیاسی رابطوں اور احتجاجی سرگرمیوں سے متعلق مزید فیصلے کیے جائیں گے۔
شائع ہوا: 1 اکتوبر، 2026 کو 06:37 AM
آخری تدوین: 1 اکتوبر، 2026



