وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہوئی تو حکومت سہولت دے گی: رانا ثنا اللہ

W
Web Desk
17 نومبر، 2026
عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہوئی تو حکومت سہولت دے گی: رانا ثنا اللہ

رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کا بورڈ عمران خان کی سرجری تجویز کرے تو حکومت طبی سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے مذاکرات، سیاسی صورتحال اور صوبوں کے معاملات پر بھی گفتگو کی

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر ڈاکٹرز کے میڈیکل بورڈ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو سرجری کی ضرورت قرار دیا تو حکومت انہیں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے علاج معالجے کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی گئی۔ حکومت عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں کی ہدایات اور طبی مشوروں کے مطابق علاج کی سہولیات فراہم کرے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر ڈاکٹرز کے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سرجری کی ضرورت ہے تو حکومت اس سلسلے میں بھی ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا کہ پارٹی قیادت انتشار اور ہنگامہ آرائی کی خواہاں تھی، تاہم اس میں کامیابی نہ ملنے کے بعد بات چیت کی طرف آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی، لیکن دوسری جانب سے تعاون نہیں کیا گیا۔ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ تمام سیاسی اور قومی مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے ڈیل یا ڈھیل سے متعلق تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی میز پر ایسی کوئی بات موجود نہیں ہے۔

صوبوں سے متعلق معاملات پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو اس پر تفصیلی بحث ہوگی، جس میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں سے متعلق مسئلہ ایسا نہیں کہ کوئی ایک شخص بات کرے اور فوری طور پر اس کا حل نکل آئے، بلکہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث اور مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 17 نومبر، 2026 کو 06:42 AM

آخری تدوین: 17 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین