مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں کا جواب دینا ضروری ہے، سعودی اتحادی افواج کا حوثیوں کو انتباہ

سعودی اتحادی افواج نے حوثیوں کو خبردار کیا ہے کہ مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں کا جواب دیا جائے گا، جبکہ یمنی حکومت نے حوثیوں کے خلاف ملک گیر فوجی آپریشن کا اعلان کردیا
اسی موضوع سے پڑھیں
ریاض: سعودی اتحادی افواج نے حوثی ملیشیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں کا جواب دینا ضروری ہے۔ اتحادی افواج کے مطابق سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
سعودی اتحادی افواج نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر سمیت خطے میں جہاز رانی کی آزادی کو لاحق حوثی خطرے کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق حوثی کئی برس سے یمنی عوام کے لیے مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں، جبکہ ان کے جارحانہ اقدامات نے یمن میں اتحاد کو بھی متاثر کیا ہے۔
اتحادی افواج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب یمن اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
یمنی حکومت کا حوثیوں کے خلاف ملک گیر فوجی آپریشن کا اعلاندوسری جانب یمنی حکومت نے حوثیوں کے خلاف ملک گیر فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یمنی صدارتی لیڈرشپ کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی کے مطابق آپریشن کا بنیادی مقصد حوثیوں کے زیر قبضہ یمنی علاقوں کو واپس لینا اور ملک بھر میں ریاستی عملداری مکمل طور پر بحال کرنا ہے۔
رشاد العلیمی نے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ یمنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
پرامن راستے ختم ہونے کے بعد کارروائی کا دعویٰصدارتی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ حوثی ملیشیا کے خلاف فوجی کارروائی کشیدگی کم کرنے کے لیے دستیاب تمام پرامن مواقع اور آپشنز ختم ہونے کے بعد شروع کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یمنی ریاستی افواج جن شہروں اور علاقوں کو حوثیوں سے واپس لیں گی، وہاں فوری طور پر بحالی اور تعمیر نو کا عمل شروع کیا جائے گا۔
یمنی حکومت کے مطابق فوجی کارروائی کا مقصد ملک میں ریاستی اداروں کی عملداری بحال کرنا اور حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو دوبارہ حکومتی کنٹرول میں لانا ہے۔
شائع ہوا: 5 اکتوبر، 2026 کو 06:03 AM
آخری تدوین: 5 اکتوبر، 2026



