ایشین گیمز: بھارت نے سری لنکا کو 124 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

ایشین گیمز 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 124 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں 3 اکتوبر کو پاکستان سے مقابلہ ہوگا
اسی موضوع سے پڑھیں
نِشِن: ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 124 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اس کا سامنا پاکستان سے ہوگا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ ایشان کشن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 80 رنز بنائے، جبکہ وائبھو سوریہ ونشی نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 45 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بھارت نے 124 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ بھارتی باؤلرز جسپریت بمراہ، اکشر پٹیل اور ابھیشیک شرما نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
فائنل میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے
اس کامیابی کے بعد ایشین گیمز 2026 کے مردوں کے کرکٹ فائنل میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔ فائنل 3 اکتوبر کو جاپان کے نِشِن میں واقع کوروجی اسپورٹس پارک میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ یوں ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلے میں سونے کے تمغے کے لیے پاکستان اور بھارت کا مقابلہ طے ہوگیا ہے۔
شائع ہوا: 1 اکتوبر، 2026 کو 08:29 AM
آخری تدوین: 1 اکتوبر، 2026



