سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت، عبدالعلیم خان سے اہم ملاقات

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ عبدالعلیم خان نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا
اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے اپنے سیاسی ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے اہم ملاقات کی، جس کے دوران انہوں نے اپنی اور اپنے ساتھیوں کی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی، سابق وزیر صحت نثار انصر ابدالی اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے سابق مشیر سردار افتخار رشید نے بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے تمام ساتھیوں کا پارٹی میں خیرمقدم کیا اور ان کی شمولیت کو جماعت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
نئے شامل ہونے والے رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ وہ عبدالعلیم خان کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور پارٹی کے منشور کے مطابق عوامی خدمت اور سیاسی استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد کشمیر کی سیاست میں سردار تنویر الیاس اور دیگر اہم رہنماؤں کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت آئندہ سیاسی منظرنامے پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 2 جولائی، 2026 کو 02:01 PM
آخری تدوین: 2 جولائی، 2026



