ڈنڈالک میں جولین جونز کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ، پاکستانی و ایشین امریکن کمیونٹی کی بھرپور شرکت
محمد نعیم اختر1 اکتوبر، 2026
امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر ڈنڈالک میں بالٹی مور کاؤنٹی کے کاؤنٹی ایگزیکٹو کے امیدوار جولین جونز کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستانی، ایشین امریکن اور امریکی کمیونٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ جولین جونز نے ڈیموکریٹک پرائمری میں 33 ہزار 505 ووٹ حاصل کیے اور نومبر کے عام انتخابات میں کاؤنٹی ایگزیکٹو کے عہدے کے لیے حصہ لیں گے
اسی موضوع سے پڑھیں
ڈنڈالک، میری لینڈ: بالٹی مور کاؤنٹی کے آئندہ کاؤنٹی ایگزیکٹو کے امیدوار اور کاؤنٹی کونسل مین جولین جونز کے اعزاز میں امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر ڈنڈالک میں خصوصی استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی، ایشین امریکن اور امریکی کمیونٹی کے افراد، سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام امپیکٹ بیہیویئرل ہیلتھ کیئر گروپ کی جانب سے کیا گیا، جس کا مقصد ڈیموکریٹک پرائمری انتخابات میں کامیابی پر جولین جونز کو مبارکباد پیش کرنا اور انہیں مختلف کمیونٹیز کے نمائندوں سے براہِ راست ملاقات کا موقع فراہم کرنا تھا۔

جولین جونز نے 23 جون 2026 کو ہونے والے ڈیموکریٹک پرائمری انتخابات میں 33 ہزار 505 ووٹ حاصل کیے، جو مجموعی ووٹوں کا 38.1 فیصد بنتے ہیں۔ اس کامیابی کے بعد وہ نومبر میں ہونے والے عام انتخابات میں بالٹی مور کاؤنٹی کے کاؤنٹی ایگزیکٹو کے عہدے کے لیے حصہ لیں گے۔

تقریب کے دوران شرکاء نے جولین جونز سے بالٹی مور کاؤنٹی کے مستقبل، عوامی مسائل، مقامی ترقی اور مختلف کمیونٹیز کی ضروریات کے حوالے سے گفتگو کی۔ پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات نے بھی ان سے ملاقات کی اور مقامی حکومت میں پاکستانی و ایشین امریکن کمیونٹی کی مؤثر نمائندگی اور شمولیت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر کمیونٹی رہنماؤں نے مختلف ثقافتی اور نسلی گروہوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے، عوامی مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے اور منتخب نمائندوں کے ساتھ براہِ راست مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ایک دوسرے سے ملاقاتیں کیں اور مختلف کمیونٹیز کے درمیان باہمی تعاون، رابطوں اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 1 اکتوبر، 2026 کو 02:29 PM
آخری تدوین: 1 اکتوبر، 2026



