ایران کی صورتحال انتہائی خراب، معلوم نہیں ہتھیار ڈالنے والے ہیں یا نہیں: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور انہیں معلوم نہیں کہ ایران ہتھیار ڈالنے والا ہے یا نہیں
اسی موضوع سے پڑھیں
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ صورتحال کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں معلوم نہیں کہ ایران ابھی ہتھیار ڈالنے والا ہے یا نہیں۔
وائٹ ہاؤس میں مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے سے وابستہ رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی صورتحال سمیت مختلف امور پر بات کی۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی صورتحال بہت خراب ہے، تاہم یہ معلوم نہیں کہ وہ ابھی ہتھیار ڈالنے والے ہیں یا نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے کہا کہ امریکا کو اس شعبے میں نمایاں برتری حاصل ہے اور وہ اسے برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
اس موقع پر امریکی صدر نے ٹیکنالوجی حکام کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک دستاویز پر بھی دستخط کیے۔ ٹرمپ نے اسے تحفظ کی ایک شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت AI کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے پر غور کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں خود احتسابی کا ایک مضبوط عمل جاری ہے اور AI سے وابستہ رہنما اس بات کو سمجھتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے موزوں مقامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے مطابق جن علاقوں میں ڈیٹا سینٹرز تعمیر کیے جائیں گے، وہاں کے مقامی لوگوں کو مالی طور پر نمایاں فوائد حاصل ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گفتگو کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ موجود ہیں، کم جونگ اُن ٹھیک رہیں گے۔
شائع ہوا: 30 ستمبر، 2026 کو 05:16 AM
آخری تدوین: 30 ستمبر، 2026



