ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنے کی کوئی پیشکش نہیں کی: صدر ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے ایران کو منجمد اثاثے واپس کرنے اور پابندیاں ختم کرنے کی پیشکش سے متعلق امریکی میڈیا کی خبر مسترد کردی، جبکہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان قطری ثالثی کے ذریعے رابطے جاری ہیں
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کی جانب سے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق ٹھوس اقدامات کی صورت میں واشنگٹن تہران کو پابندیوں میں ریلیف دینے اور منجمد اثاثے بحال کرنے پر آمادہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس (Axios) کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران کو ایسی کوئی پیشکش نہیں کی۔ انہوں نے ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ایگزیوس سے اپنی رپورٹ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ "ہم نے ایران کو کچھ بھی پیشکش نہیں کی" اور ایگزیوس کی رپورٹ کو افواہ قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
یہ تردید ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ سفارتی رابطوں کے حوالے سے سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس سے قبل ایگزیوس کے ایک اہم صحافی نے رپورٹ کیا تھا کہ ایران کی جانب سے اپنے جوہری پروگرام پر قابلِ ذکر اقدامات کی صورت میں صدر ٹرمپ تہران کو پابندیوں میں ریلیف دینے اور منجمد ایرانی اثاثے جاری کرنے پر آمادگی ظاہر کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق قطری ثالث نے حالیہ ملاقات کے دوران ایران کی تجاویز امریکی حکام تک پہنچائی ہیں۔ امریکی حکام سے قطری ثالث کی ملاقات نے دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ سفارتی رابطوں کی قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی ہے۔
تاہم، صدر ٹرمپ کی تازہ تردید کے بعد پابندیوں میں ممکنہ نرمی یا ایرانی منجمد اثاثوں کی بحالی سے متعلق کسی امریکی پیشکش کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ایران کے جوہری پروگرام، امریکی پابندیوں اور دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا معاملہ آئندہ سفارتی رابطوں میں اہم موضوعات میں شامل رہنے کا امکان ہے۔
شائع ہوا: 29 ستمبر، 2026 کو 06:06 AM
آخری تدوین: 29 ستمبر، 2026



