بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع سہراب اور خیبرپختونخوا کے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا
اسی موضوع سے پڑھیں
اسلام آباد: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ضلع سہراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان مشتبہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ میر علی اور گردونواح میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ فورسز نے میر علی بازار کے قریب راشن سے لدے ٹرک کو روکنے کی دہشتگردوں کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
شائع ہوا: 30 ستمبر، 2026 کو 04:58 AM
آخری تدوین: 30 ستمبر، 2026



