شوکت یوسفزئی کا پارٹی قیادت کو خط، لانگ مارچ فوری ملتوی کرنے کی اپیل

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر قیادت کو خط لکھ کر لانگ مارچ فوری ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔ خط میں بیرونی خطرات، دہشتگردی میں اضافے، ایمرجنسی کے خدشے اور خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف ممکنہ اقدامات کا ذکر کیا گیا۔ شوکت یوسفزئی نے ریاست سے ٹکراؤ کے بجائے مذاکرات کی راہ ہموار کرنے پر زور دیا
اسی موضوع سے پڑھیں
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر قیادت کو خط لکھ کر لانگ مارچ فوری ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔
خط میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں لانگ مارچ ملتوی کیا جائے، بیرونی خطرات اور دہشتگردی میں اضافے کے پیش نظر احتجاج مؤخر کرنا ضروری ہے۔
شوکت یوسفزئی کے مطابق وفاقی حکومت بعض معاملات کو بنیاد بنا کر ایمرجنسی نافذ کرنا چاہتی ہے، اس لیے ریاست سے ٹکراؤ کے بجائے مذاکرات کی راہ ہموار کی جائے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ افغانستان سے ممکنہ حملہ ایمرجنسی کے نفاذ کا جواز بن سکتا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون نہ کرنے کا بیانیہ بنا رہی ہے اور صوبائی حکومت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ دہشتگردی کی حمایت کا الزام عائد کرکے پارٹی پر پابندی کی کوشش کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان ماضی میں بھی کارکنوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے لانگ مارچ ختم کرچکے ہیں۔ انہوں نے پارٹی قیادت سے اپیل کی کہ ان گزارشات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔
شائع ہوا: 29 ستمبر، 2026 کو 02:46 PM
آخری تدوین: 29 ستمبر، 2026



