وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

مارچ ملتوی کرنے کے خط کا معاملہ، شوکت یوسفزئی لائیو پروگرام میں آبدیدہ

W
Web Desk
30 ستمبر، 2026
مارچ ملتوی کرنے کے خط کا معاملہ، شوکت یوسفزئی لائیو پروگرام میں آبدیدہ

پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی لانگ مارچ ملتوی کرنے کے لیے پارٹی قیادت کو لکھے گئے خط اور سوشل میڈیا ٹرولنگ پر گفتگو کرتے ہوئے لائیو پروگرام میں آبدیدہ ہوگئے

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی لانگ مارچ ملتوی کرنے کے حوالے سے پارٹی قیادت کو لکھے گئے خط اور اس کے بعد ہونے والی سوشل میڈیا ٹرولنگ پر گفتگو کرتے ہوئے لائیو پروگرام میں آبدیدہ ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ انہوں نے پارٹی کے سینئر رکن کی حیثیت سے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ان کے خط سے متعلق جو بات کی، وہ انہیں بری لگی، کیونکہ انہیں وزیراعلیٰ سے اس رویے کی توقع نہیں تھی۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ جب سہیل آفریدی نے 4 اکتوبر کو مارچ کا اعلان کیا تو انہوں نے واضح کیا تھا کہ وہ مارچ میں سب سے آگے ہوں گے۔ ان کے مطابق اس کے باوجود سوشل میڈیا پر ان کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی گئی، جس پر انہیں افسوس ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 9 مئی کے بعد پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والے افراد نے مشکل وقت دیکھا ہے۔ اپنے خلاف لگائے جانے والے الزامات پر بات کرتے ہوئے وہ آبدیدہ ہوگئے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ان پر یہ شک کیا جا رہا ہے کہ وہ ’’بک گئے ہیں‘‘، تاہم وہ اصول کی بات کرتے ہیں اور انہیں کسی چیز کا خوف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سہیل آفریدی کا دفاع بھی کیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ دہشتگردوں کے سہولت کار نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 26 نومبر کے احتجاج کے دوران بھی انہوں نے اسی نوعیت کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ ان کے مطابق بعض سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کی سرگرمیوں سے پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے واضح کیا کہ ان کا پارٹی چھوڑنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور وہ پارٹی کے ساتھ ہیں۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 30 ستمبر، 2026 کو 05:32 AM

آخری تدوین: 30 ستمبر، 2026

متعلقہ مضامین