مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، امریکا نے شہریوں کو انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی

امریکا نے کویت، سعودی عرب، قطر، بحرین، مصر، اردن اور متحدہ عرب امارات میں موجود اپنے شہریوں کو بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے باعث انخلا پر غور کرنے یا فوری روانگی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی
واشنگٹن: امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے پیش نظر اپنے شہریوں کو احتیاط برتنے اور ضرورت پڑنے پر فوری انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
امریکی سفارتخانوں کی جانب سے جاری سفری انتباہ میں کویت، مصر، بحرین، سعودی عرب، قطر، اردن اور متحدہ عرب امارات میں مقیم امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ حالات کا بغور جائزہ لیں، ممکن ہو تو واپسی پر غور کریں اور ہنگامی صورتحال میں فوری روانگی کے لیے تیار رہیں۔
بیان میں شہریوں کو انتہائی محتاط رہنے، مقامی سیکیورٹی صورتحال پر نظر رکھنے اور پروازوں کی منسوخی یا فضائی حدود کی عارضی بندش جیسے ممکنہ مسائل کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق خطے میں بعض ایئرلائنز نے اپنی پروازوں کی مکمل بحالی مؤخر کر دی ہے، جبکہ کچھ فضائی روٹس عارضی طور پر منسوخ کیے جا چکے ہیں۔ ایسے حالات میں امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفری انتظامات میں ممکنہ رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت فیصلے کریں۔
یہ سفری ہدایات ایسے وقت میں جاری کی گئی ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث مختلف ممالک اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی اقدامات اختیار کر رہے ہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 2 اگست، 2026 کو 03:18 AM
آخری تدوین: 2 اگست، 2026



